ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / ترکی:صدر کے اختیارات کا قانون ریفرنڈم کی جانب گامزن

ترکی:صدر کے اختیارات کا قانون ریفرنڈم کی جانب گامزن

Sun, 22 Jan 2017 11:33:07    S.O. News Service

انقرہ،21؍جنوری(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)ترکی کی پارلیمنٹ نے آئین میں ترمیم سے متعلق ایک بِل کو منظور کر لیا ہے جس کا مقصد صدر رجب طیب ایردوآن کے اختیارات میں اضافہ کرنا ہے۔ اس طرح اب اس بل کو عوامی ریفرنڈم کے لیے پیش کرنے کی راہ ہموار ہو گئی ہے۔پارلیمنٹ میں مذکورہ بِل کے حق میں 339ووٹ آئے جو اسے ریفرنڈم کے طور پر پیش کرنے کے لیے مطلوبہ تعداد سے 9ووٹ زیادہ ہیں۔پارلیمنٹ کے اجلاس کے بعد ترک وزیراعظم بن علی یلدرم کا کہنا تھا کہ ہمارے عوام اس موضوع کے حوالے سے آخری بات کریں گے۔ ان کا فیصلہ حتمی ہوگا۔نئی ترمیم کے ذریعے صدر کو وزراء کے تقرر اور برطرفی کا اختیار حاصل ہوجائے گا جب کہ ترکی کی تاریخ میں پہلی مرتبہ وزیر اعظم کا منصب ختم کر دیا جائے گا۔اس منصب کا خاتمہ 1923میں مصطفی کمال اتاترک کے ہاتھوں ترکی کی سیکولر جمہوریہ کی تاسیس کے بعد اپنی نوعیت کا پہلا اقدام ہوگا۔میڈیا رپورٹوں کے مطابق اصلاحات کے حامی موجودہ وزیراعظم بن یلدرم اپنے عہدے کے ختم کر دیے جانے کے بعد نئے صدارتی نظام میں ملک کے صدر کے نائب مقرر ہوں گے۔


Share: